شہری ونواحی علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایات

عوام میں برہمی ‘ متعدد مقامات پر ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سربراہی

حیدرآباد ۔ 26؍ مئی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں جہاں پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق مسائل پیدا نہ ہونے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جانے کا منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ دانا کشور نے ادعا کیا ہے ۔ وہیں شہری و نواحی علاقوں میں مختلف کالونیوں ‘ بستیوں کے علاوہ بالخصوص آئی ٹی ہب تصویر کئے جانے والے علاقہ جات ہائی ٹیک سٹی ‘ گچی باولی ‘ وائی ایس آر فینانشیل ڈسٹرکٹ ‘ گوپن پلی ‘ و دیگر مقامات سے ہفتہ میں ایک مرتبہ بھی پینے کے پانی کی سربراہی نہ کرنے کے متعددد شکایتیں کی جا رہی ہیں ۔ شکایت کنندوں نے یہاں تک بھی بتایا کہ عہدیداران متعلقہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ذخائر آب میں پانی موجود نہ رہنے کی وجہ پانی فراہم نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کالونیوں ‘بستیوں و دیگر علاقہ جات کو پانی سربراہ نہیں ہو رہا ہے ۔ اور ان عہدیداروں کا کہنا یہ بھی ہے کہ اگر کوئی اعلی عہدیدار یا وزراء بھی ہم سے پانی سربراہی نہ ہونے سے متعلق دریافت کریں تو انہیں بھی ہمارا جواب رہے گا ۔ عہدیداران حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے اس طرز عمل پر عوام میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے ۔ اور بتایا کہ جاتا ہے کہ پانی کے مسائل سے پریشان کالونیوں ‘ بستیوں اور دیگر مختلف علاقوں کے عوام متعلقہ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی ذخائر کے روبرو بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا منصوبہ ہیں ۔ اسی دوران حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ مئی کے دوران یعنی گذشتہ 25 یوم کے دوران ٹینکرس کے ذریعہ پانی کے قلت سے متاثرہ علاقوں میں پانی سربراہ کیا گیا ہے ۔ اس مرتبہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں زائد تعداد میں پانی کے ٹینکرس دستیاب رکھنے کا ادعا کیا جا رہا ہے ۔ پانی کی سربراہی کے لئے روز بروز بڑھتے ہوئے مطالبات کے پیش نظر ٹینکرس کے ذریعہ تیز رفتاری کے ساتھ پانی عوام تک پہونچانے کے لئے اس مرتبہ 20 مقامات پر نئے فلنگ اسٹیشن قائم کئے گئے اور ان فلنگ اسٹیشنوں کے لئے مزید 130 ٹینکرس کرایہ پر حاصل کر کے فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ سال ہر 2000 تا 1800 ٹرپس ٹینکروں کے ذریعہ کرواکر پانی سربراہ کیا گیا تھا ۔ لیکن اس مرتبہ جاریہ ماہ ہر روز 3000 تا 3600 ٹرپس ٹینکروں کے ذریعہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔