شہریوں پر حملے ‘ نائیجریا کا ہندوستان سے احتجاج

ابوجا / نئی دہلی 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجیریا نے ابوجا میں ہندوستانی قاصد کو طلب کرتے ہوئے اس کے شہریوں پر ہندوستان میں حملوں پر احتجاج درج کروایا ہے اور کہا کہ اس کے شہریوں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال بنگلے نے یہ توثیق کی کہ ہندوستانی نمائندے بی این ریڈی کو ابوجا میں نائیجریا کی وزارت خارجہ میں طلب کرتے ہوئے ایسے واقعات پر احتجاج درج کروایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ہائی کمشنر نے مطلع کیا ہے کہ ہندوستان تمام بیرونی شہریوں بشمول افریقی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے پابند عہد ہے ۔ ہندوستانی ہائی کمشنر مسٹر بی این ریڈی نے نائیجریائی عہدیداروں کو ہندوستان میں نفاذ قانون کی ایجنسیوں کی جانب سے اس طرح کے حملوں کے تدارک کیلئے کئے گئے اقدامات سے واقف کروایا اور کہا کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔ مستقل سکریٹری وزارت خارجہ اولوشولہ اینوکنولائے نے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے ملک کے باشندوں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔