شہباز شریف کے فرزند حمزہ شہباز پنجاب کے وزیراعلیٰ نامزد

لاہور ۔ 14 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے صدر شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کو صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے نامزد کیا ہے جبکہ جیل کی سزا کاٹ رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کیمپ میں اس نامزدگی پر تنقید کی جارہی ہیں۔ شہباز شریف کو پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے مقابلے وزیراعظم کے عہدہ کیلئے نامزد کیا گیا ہے ۔ موصوف تمام اپوزیشن پارٹیوں کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار ہیں جیسے پی ایم ایل ( این ) ، پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی ) ، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) اور متحدہ مجلس عمل (MMA) وغیرہ ۔ دریں اثناء پی ایم ایل ( این ) قائد رانا ثناء اﷲ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ایل (این ) پنجاب پارلیمانی پارٹی نے پیر کی شام کو پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حمزہ شہباز کو اتفاق رائے سے نامزد کیاہے۔ 44 سالہ حمزہ شہباز کو ایک سخت قائد تصور کیاجاتا ہے۔ اگر وہ وزیراعلیٰ کا عہدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے تو پھر وہ اپوزیشن قائد کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری نبھائیں گے ۔