شہباز شریف کی ٹرانزٹ ریمانڈ میں توسیع

اسلام آباد، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ۔نواز (پی ایم ایل۔این) کے صدر شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم معاملے میں ٹرانزٹ ریمانڈ 6 نومبر تک بڑھا دی ہے ۔نیشنل احتساب بیورو (این اے بی) نے شہباز شریف کو احتساب عدالت کے جسٹس محمد بشیر کے سامنے پیش کیا ۔ شہباز شریف نے پارلیمنٹ سیشن 9 نومبر تک چلنے کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے اپنی ٹرانزٹ ریمانڈ اسی تاریخ تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ وہ پہلے سے ٹرانزٹ ریمانڈ پر ہیں اور یہ مدت چہارشنبہ کو ختم ہوگئی تھی۔این اے بی نے عدالت سے شہباز شریف کی ٹرانزٹ ریمانڈ سات دنوں کے لئے بڑھانے کی درخواست کی جسے عدالت نے تسلیم کرلیا اور ان کی ریمانڈ 6 نومبر تک بڑھا دی این اے بی نے شہباز شریف کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم معاملے میں 6 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔