شہباز شریف پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہوں گے : عباسی

اوپن ٹرائیل کو منظوری

لاہور۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جیل کی سزا کاٹ رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف 25 جولائی کو منعقد شدنی عام انتخابات میں پی ایم ایل (این) کی واضح کامیابی کی صورت میں ملک کے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات بتائی۔ انگریزی اخبار ’’ڈان‘‘ کی اطلاع کے مطابق انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد پارٹی میں رائے شماری کے ذریعہ کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو وزیراعظم کے عہدہ کیلئے ’’نااہل‘‘ قرار دیئے جانے پر شاہد خاقان عباسی کو نگران کار وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا۔ عباسی نے پی ایم ایل (این) میں پھوٹ پڑنے کو بھی خارج از امکان قرار دیا۔ 66 سالہ شہباز شریف 2013ء تا 2018ء صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے۔ نواز شریف کو پارٹی صدر کی حیثیت سے بھی نااہل قرار دیئے جانے کے بعد انہوں نے پارٹی کی باگ ڈور بھی سنبھالی تھی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عباسی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ اتحاد کئے جانے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے بتایا کہ 2008ء میں پی پی پی کے ساتھ اتحاد ایک ماہ بھی برقرار نہیں رہ سکا تھا۔