شہادت حسین کی کرکٹ میں واپسی کیلئے درخواست

ڈھاکہ۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کمسن ملازمہ پر ظلم کے الزام میں پابندی کا شکار بنگلہ دیشی کرکٹر شہادت حسین نے اپنے کئے پر معافی مانگتے ہوئے کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی درخواست کی ہے۔ 29 سالہ فاسٹ بولر کو اس وقت معطل کردیا گیا تھا جب پولیس نے دارالحکومت ڈھاکہ کی گلی سے ایک گیارہ سالہ بچی کو زخمی حالت میں روتے ہوئے دیکھا تھا جو شہادت حسین کے گھر کی ملازمہ تھی۔ خادمہ نے پولیس کو مطلع کیا تھا کہ وہ کرکٹر شہادت حسین کے گھر کام کرتی تھیں اور کرکٹر اور ان کی اہلیہ نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ شہادت اور ان کی بیوی نریتو شہادت کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تھا جس کے بعد سے دونوں فرار تھے تاہم گزشتہ سال اکتوبر میں پولیس نے نریتو کو ان کے والدین کے گھر سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو پولیس کو حوالے کر دیا تھا۔وہ دو ماہ تک پولیس کی حراست میں رہے تھے کہ جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی حرکت پر شرمندگی ہے اور میں پوری عوام  سے اس پر معافی مانگتا ہوں، کرکٹ اور اپنی زندگی چلانے کیلئے میں کرکٹ میں واپسی چاہتا ہوں۔