شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکے، 10 مزدور ہلاک

کراچی ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ کے علاقے گڈانی میں شپ بریکنگ یارڈ میں ایک حادثے کے بعد آگ لگنے سے کم سے کم 10 مزدور جھلس کر ہلاک ہوگئے اور 35 سے زائد زخمی ہوئے ۔ منگل کو گڈانی میں شپ بریکنگ یارڈ میں ایک بحری جہاز کو توڑنے کے دوران زود دار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اْٹھی۔ مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں بڑی تعداد میں مزدور ایک بحری جہاز کو توڑنے میں مصروف تھے کہ اس دوران زوردار دھماکے ہویے۔ پولیس اہلکار کے مطابق یہ بحری جہاز ایک آئل ٹینکر تھا جس کو توڑنے کے لیے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ پر لایا گیا تھا۔ پولیس اہلکار نے بتایا دھماکے اور اس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھنے کے باعث کم از کم 10 مزدور ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔زخمیوں میں سے بعض کی حالت خراب ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔