شوہر کے علاج کے لیے فکر مند بیوی کی خود کشی

حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : شوہر کے علاج کی فکر مند اور مالی پریشانیوں سے خوف کا شکار ایک خاتون نے خود کشی کرلی ۔ یہ واقعہ مائیلار دیوپلی پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 29 سالہ سی ایچ مینا نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ انسپکٹر سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ مینا پدماشالی نگر مائیلاردیوپلی کے ساکن یادگیری کی بیوی تھی ۔ یادگیری پیشہ سے ٹیلر تھا ۔ گذشتہ 20 دن سے مینا کا شوہر ہاسپٹل میں زیر علاج تھا ۔ اس شخص کا علاج مشیر آباد کے علاقہ میں واقعہ ہاسپٹل میں جاری تھا ۔ تاہم علاج کے اخراجات اور گھریلو اخراجات کے لیے درکار رقم اس خاندان کے پاس نہیں تھی جس سے دل برداشتہ ہو کر خاتون نے صبح اپنے گلے کی رگوں کو کاٹ لیا اور عمارت سے چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔