شوہر کی ہراسانی ‘ بیوی کا اقدام خودسوزی

حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) مزید جہیز کیلئے شوہر کی جانب سے ہراسانی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودسوزی کی کوشش کی ۔ یہ واقعہ آج رات ناچارم پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ناچارام ایراکنٹہ کے ساکن اختر حسین گزشتہ چند عرصہ سے منصورہ بیگم کو مبینہ طور پر جسمانی اور ذہنی اذیتیں دے رہا تھا ۔ شوہر کی مسلسل ہراسانی سے دلبرداشتہ خاتون نے آج رات اپنے مکان میں خود پر کیروسین چھڑک کر خودسوزی کی ناکام کوشش کی ۔ اس واقعہ میں وہ شدید طور پر جھلس گئی اور رشتہ داروں کو اس بات کا پتہ چلنے پر اسے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیرعلاج ہے ۔ ناچارم انسپکٹر این پرویندر راؤ نے بتایا کہ اس واقعہ سے متعلق ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ خاتون کا بیان قلمبند کرنے کے بعد شوہر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔