شوپیان میں جنگجوؤں کی پولیس پر فائرنگ، کانسٹیبل ہلاک

سری نگر ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں اتوار کی صبح جنگجوؤں کی طرف سے پولیس اسٹیشن شوپیان پر کئے جانے والے حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے اتوار کی صبح قریب ساڑھے چھ بجے پولیس تھانہ شوپیان کو نشانہ بناکر اندھا دھند فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا ‘فائرنگ کے نتیجے میں تھانے کی سنتری ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل ثاقب میر گولیاں لگنے سے شدید طور پر زخمی ہوا۔ اسے ضلع اسپتال شوپیان لے جایا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا’۔کانسٹیبل ثاقب میر شوپیان کے زاوورہ نامی گاؤں کا رہنے والا تھا۔ حملہ آور جنگجو مبینہ طور پر مہلوک کانسٹیبل کی سروس رائفل اڑا کر لے گئے ہیں۔پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ جنگجوؤں کی تھانے میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ بیان میں پولیس ترجمان نے کہا ‘جنگجوؤں کی طرف سے اتوار کی صبح پولیس تھانہ شوپیان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ تاہم الرٹ پولیس اہلکاروں نے حملے کو ناکام بنادیا’۔بیان میں کہا گیا ‘واقعہ میں ایک پولیس کانسٹیبل ثابت میر زخمی ہوا۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے نذدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا’۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔دریں اثنا مہلوک کانسٹیبل ثاقب میر کی میت پر پھول مالائیں رکھنے کی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیان میں منعقد ہوئی جس میں پولیس اور دیگر فورسز کے اعلیٰ عہدیداروں نے مہلوک پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں ڈی آئی جی (جنوبی کشمیر) امت کمار، ایس ایس پی شوپیان، 14 بٹالین سی آر پی ایف کے سی او اور دیگر سیکورٹی فورس عہدیداروں نے شرکت کرکے مہلوک کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مہلوک کانسٹیبل کو زاوورہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔