شوخ لپ اسٹک اور آپ کا میک اپ

اسے لگانے سے ہونٹوں کی خوبصورتی واضح ہوجاتی ہے اور سرخ رنگ کی جھلک آپ کے پورے چہرے کو روشن کردیتی ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ریڈ لپ اسٹک کے ہمراہ چہرے کا میک اپ کم سے کم رکھا جائے کیونکہ اچھے میک اپ کا اصول یہی ہے کہ یہ ہمیشہ متوازن دکھائی دے۔ گذشتہ چندسالوں کے دوران ہیوی آئی میک اپ فیشن میں شامل تھا تو اس کے ہمراہ لپ اسٹک سو فٹ رکھی جاتی تھی۔ لہٰذا ریڈ لپ اسٹک لگانے سے پہلے چہرے کا میک اپ اس کی مناسبت سے کریں۔ سب سے پہلے اپنی جلد کی مناسبت سے ایسا فاونڈیشن منتخب کریں جو آپ کی رنگت سے قریب تر ہو۔ اگر آپ اپنی ٹون سے بہت ہلکا یا گہرا شیڈ استعمال کریں گی تو اس سے آپ کا میک اپ نیچرل اور ہموار نظر آنے کے بجائے مصنوعی سا اور بدنما دکھائی دے گا۔ اس لئے اپنی جلد سے ہم آہنگ ہونے والے فاونڈیشن کی ہلکی سی تہہ چہرے پر لگائیں

اور اسے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ زیادہ فاونڈیشن تھوپنے سے بھی میک اپ کا تاثر خراب ہوجاتا ہے اور چہرے پر موجود داغ دھبے پہلے سے زیادہ نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ چہرے کے داغ دھبوں کو چھپانا مقصود ہو تو اس کے لئے ہلکا سا کنسیلر استعمال کریں۔ ان ترکیبوں سے آپ کا چہرہ صحت کی چمک سے کھل اٹھے گا اور آپ ایک تازہ دم نظر آئیں گی۔ ریڈلپ اسٹک کے ساتھ آنکھوں کا میک اپ بھی سو فٹ رکھا جاتا ہے اس لئے کوئی ہلکا آئی شیڈ لگائیں۔ خاص طور سے پیچ آئی شیڈ ہلکے ہاتھ سے آنکھوں کے غلاف کے اوپر اس طرح لگائیں کہ آپ کی آنکھیں روشن اور چمکدار دکھائی دیں

اور میک اپ بھی کم سے کم اور قدرتی نظر آئے۔ اب پلکوں کے اوپر مسکارا لگائیں تاکہ وہ روشن اور کشادہ دکھائی دیں۔ اس میک اپ لک کے ساتھ مسکارا لگانا ہی کافی ہے اور کاجل یا آئی لائنر لگانے کی ضرورت نہیں لیکن اگر آپ کاجل لگانے کی شوقین ہیں تو موٹا اور گہرا کاجل لگانے کے بجائے محض ہلکی سی ایک لکیر پھیر لیں۔ البتہ بھنوؤں کو ذرا نمایاں رکھیں کیونکہ ان دنوں قدرے موٹی اور گہری بھنویں فیشن میں شامل ہیں اور ہلکے میک اپ کے ساتھ انہیں نمایاں رکھنے سے چہرے کا تاثر بہتر نظر آتا ہے۔ آخر میں اپنے چہرے پر ایک تنقیدی نظر ڈالیں اور دیکھیں کہ آپ کا ٹی زون آئلی تو نہیں دکھائی دے رہا ہے یعنی آپ کی ناک، رخساروں کے ابھار اور پیشانی پر آئل تو نہیں چمک رہا؟ ایسی صورت میں چہرے پر احتیاط کے ساتھ تھوڑا سا لوزفیس پاؤڈر لگا لیں۔