شمشان گھاٹ تنازعہ: حکومت سندھ سے وضاحت طلبی

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سپریم کورٹ نے اقلیتی ہندو فرقہ کی کراچی میں واقع شمشان گھاٹ کی اراضی کو مبینہ طور پر حاصل کرنے اور انہیں کوئی متبادل اراضی فراہم نہ کرنے پر وضاحت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکومت سندھ کو اس معاملہ میں تفصیلی جواب داخل کرنے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ یہ کارروائی ہندو فرقہ کے لیڈر شری رام ناتھ مہاراج کی جانب سے داخل کردہ درخواست کے بعد کی گئی ہے۔ انہوں نے درخواست داخل کی تھی کہ 2008ء میں حکومت سندھ نے لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے ہندو فرقہ سے ان کی شمشان گھاٹ کی اراضی حاصل کی تھی۔ مہاراج نے کہا تھا کہ اب تک نہ تو انہیں کوئی متبادل اراضی فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی نو سال گزر جانے کے باوجود کوئی معاوضہ ادا کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہندو فرقہ کو مرنے والوں کی آخری رسومات انجام دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔