شمس آباد گرام پنچایت کے تمام کالونیوں میں کرشنا ندی پانی کی سربراہی کا مطالبہ

شمس آباد سرپنچ کی ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی منیجنگ ڈائرکٹر کو یادداشت کی پیشکشی
شمس آباد 31 جولائی (سیاست نیوز) شمس آباد سرپنچ راجا ملا سدیشور نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر دانا کشور سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ جس میں شمس آباد کے تمام کالونیوں کیلئے کرشنا ندی کے پانی کی سربراہی کا مطالبہ کیا جس پر دانا کشور نے تیقن دیا کہ وہ بہت جلد اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کریں گے۔ راچا ملا سدیشور نے بتایا کہ شمس آباد گرام پنچایت کو کرشنا ندی کا پانی دس لاکھ لیٹر سربراہ کیا جارہا ہے۔ جس میں سے تقریباً دو لاکھ لیٹر پانی پائپ میں ہی رہ جاتا ہے جس سے صرف عوام تک آٹھ لاکھ لیٹر پانی ہی پہنچ رہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ سدانتی، نگدیش، برنداون کالونی، آر بی نگر، آدرش نگر، رحمن کالونی، سدیشور کالونی، مدھورا نگر، لالہ گوڑہ، حڈا کالونی، اندرا ریڈی کالونی، مشن کمپاؤنڈ، ایرپورٹ کالونی، کرونلیا کالونی میں تقریباً تین ہزار سے زائد آبادی ہے جہاں پینے کے پانی کی سربراہی نہیں ہے اور پانی کے بورس خشک چکے ہیں جس سے عوام کو پانی کے لئے کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ شمس آباد گرام پنچایت کے تمام کالونیوں کیلئے مزید 15 لاکھ لیٹر پانی کی ضرورت ہوگی جس سے پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ سرپنچ نے کہاکہ شمس آباد میں نیشنل ہائی وے کے ایک جانب تمام محلات میں پانی کی پائپ لائن ڈال کر پانی سربراہ کیا جارہا ہے تو دوسری جانب ہائی وے کے دوسرے جانب کرشنا ندی کے پانی کی عدم سربراہی سے عوام میں بے چینی پیدا ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ منیجنگ ڈائرکٹر نے تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر بہت جلد کارروائی کریںگے۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اندرون دو ماہ شمس آباد کے تمام محلوں کو پانی کی سربراہی ہوگی۔