شمس آباد گرام پنچایت کا برقی کنکشن منقطع

اسٹریٹ لائٹس بھی بند کردی گئیں، بلس کی عدم ادائیگی کا شاخسانہ
شمس آباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شمس آباد گرام پنچایت سرپنچ راچا ملا سدیشور نے پریس میٹ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شمس آباد الکٹرک سٹی عہدیداروں نے شمس آباد گرام پنچایت اور اسٹریٹ لائٹس کے کنکشن کو منقطع کردیا ۔ جب کہ پنچایت کا بل ادا کرنے کے باوجود کنکشن کٹ کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت کو نشانہ بناکر ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اسٹریٹ لائٹس کے بلس گزشتہ تین سالوں سے ادا نہیں کئے گئے اور پوری ریاست بھر میں بھی کہیں بھی ادا نہیں کئے جارہے ہیں ۔ اسٹریٹ لائٹس کے بل حکومت کو ادا کرنا چاہئے ۔ جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ گرما کے موسم میں عوام رات کے اوقات ٹھنڈی ہوا کے لیے گھروں کے باہر آرام کرتے ہیں ۔ اسٹریٹ لائٹس بند کرنے سے چوروں کو دعوت دینے کے برابر ہوگی ۔ رات کے اوقات ضعیف حضرات پیدل سفر کرتے ہیں انہیں بھی مشکلات پیش آرہی ہے ۔ اسٹریٹ لائٹس کے ساتھ پانی کے بوریلس کے کنکشن بھی موجود ہے اگر انہیں بند رکھا گیا تو نتائج سنگین ہوسکتے ہیں ۔ عوام ایک طرف گرمی میں پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں تو دوسری طرف برقی عہدیداروں کی کارروائی سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا شروع ہوگیا ہے ۔ انہوں نے عوام کے ساتھ مل کر سب اسٹیشن پر زبردست احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ۔ راچا ملاسدیشور نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ کارروائی کرتے ہوئے اعلی عہدیداروں کو ان کی شکایت کریں گے ۔ اس موقع پر محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ ، ایوب حسین ، نریش ، سریدھر یادو اور سریکانت گرام پنچایت ممبرس موجود تھے ۔۔