شمس آباد ایرپورٹ پر 18 کیلو سونا ضبط

حیدرآباد /20 دسمبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ شمس آباد پر کسٹمس عہدہ داروں نے کل رات تین مسافروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 18 کیلو سونا برآمد کیا۔ تفصیلات کے بموجب کل رات (20 دسمبر کی شب) سنگا پور سے آنے والی ٹائیگر ایرلائنز فلائٹ نمبر 2624 سے تین مسافرین زین الدین، حاجی محمد اور چوکا لنگم پروگانند شمس آباد آر جی آئی ایرپورٹ پہنچے۔

شک کی بنیاد پر ان کی تلاشی لی گئی، تاہم تلاشی کے دوران تینوں کے کپڑوں اور جوتوں میں سے فی کس 6 کیلو سونے کے بسکٹس برآمد ہوئے، جس کی مالیت 5 کروڑ 40 لاکھ بتائی گئی ہے۔ تینوں افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی اور ان کے خلاف اسمگلنگ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے حیدرآباد کسٹم آفس منتقل کیا گیا۔ ایم کے سنگھ کسٹم کمشنر کی قیادت میں آر منوہر ایڈیشنل کمشنر کسٹم اور دیگر نے کارروائی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو تین ماہ کے دوران شمس آباد راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ پر کسٹم عہدہ داروں نے تقریباً 34 کیلو سونا ضبط کیا، جس کی مالیت دس کروڑ سے زائد بتائی گئی ہے اور تقریباً 20 کیسوں میں 13 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔