شمس آباد ایرپورٹ پر ای بورڈنگ پراجکٹ کا آغاز

شمس آباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں ای بورڈنگ پراجکٹ کا آغاز کیا گیا ہے ۔ شمس آباد ایرپورٹ ای بورڈنگ شروع کرنے والا ملک کا واحد ایرپورٹ بن گیا ہے ۔ منسٹری آف سیول ایویشن کی جانب سے شمس آباد ایرپورٹ کا انتخاب کیا گیا ۔ اپریل 2015 سے پائلٹ پراجکٹ کے طور پر شروع کیا گیا تھا جس میں جٹ ایرویز فلائٹس 9W-452 اور 9W-2401 میں تین ماہ کی مدت میں سات ہزار مسافرین نے اس سرویس کا استعمال کیا ۔ ای بورڈنگ پراجکٹ انٹرنیشنل ایرٹرانسپورٹ اسوسی ایشن میں شناخت حاصل کرچکا ہے ۔ وزارت MOCA نے منصوبہ پائلٹ کے طور پر شمس آباد ایرپورٹ کا انتخاب کیا ۔ بورڈنگ پائلٹ کے لیے منفرد ڈیزائن دیا گیا ۔ ای بورڈنگ مسافرین کو بہتر تجربہ فراہم کرتا ہے اور سیکوریٹی کی ایک اعلیٰ سطح کو یقینی بناتا ہے ۔ یہ خود کار عمل بہتر ماحول کا وعدہ کرتا ہے ۔ مسافرین کو بغیر کسی اضافی قیمت ان تمام سہولیات کو حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ شمس آباد ایرپورٹ مسافرین کی سیکوریٹی کے لیے کوئی سمجھوتا نہیں کرتا ۔ ایرپورٹ میں تمام اہم مقامات پر ٹچ پوائنٹس کو ڈھکنے کے لیے اس کو شروع کیا گیا ہے ۔ مسٹر کشور چیف ایگزیکٹیو آفیسر GHIAL نے کہا کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد ملک کا واحد ایرپورٹ بن گیا ہے جہاں ای بورڈنگ پراجکٹ شروع کیا گیا ہے ۔ جس کے لیے MOCA ، BCAS ، CISF سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بے مثال پراجکٹ کو شمس آباد میں شروع کیا گیا ہے ۔۔