شمسی توانائی کی پیداوار اور استعمال میں عوام کی دلچسپی میں اضافہ

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ہندوستان میں توانائی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات کئے جارہے ہیں ان میں سب سے اہم قدم برقی توانائی کے متبادل کے طور پر شمسی توانائی کو دیکھا جارہا ہے ۔ شمسی توانائی کے استعمال اور پیداوار کے متعلق عوام میں پیدا ہورہے شعور سے اس شعبہ میں ملازمت کے مواقع بھی تیزی سے بڑھتے جارہے ہیں ۔ شمسی توانائی کی پیداوار اور استعمال کی سمت عوامی رغبت میں ہورہے اضافہ نے نہ صرف انجینئرس کے درخشاں مستقبل کی راہیں ہموار کردی ہیں بلکہ بڑی کمپنیوں میں شمسی توانائی سے چلنے والی اشیاء کی تیاری کے لیے عملہ کے دروازے کھولے جانے لگے ہیں ۔ اب تک کمپیوٹر اور الکٹریکل کے علاوہ میکانیکل انجینئرس کی زبردست مانگ ہوا کرتی تھی لیکن مستقبل قریب میں الیکٹریکل ، الیکٹرانکس ، انسٹرومنٹل ڈیزائننگ انجینئرس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگا اور توقع کی جارہی ہے کہ ان شعبوں سے فارغ انجینئرس کو ابتدائی تنخواہ 35 ہزار تا 60 ہزار مل سکتی ہے جب کہ 3 تا 5 سالہ تجربہ کے حامل انجینئرس 70 تا 90 ہزار روپئے حاصل کرسکتے ہیں اگر خوش قسمتی سے ان کا تقرر بڑے پراجکٹس میں ہوتا ہے تو اس میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے ۔ ہندوستان میں فی الحال 3000 میگاواٹ شمسی توانائی کی پیداوار کو یقینی بنایا جارہا ہے اور اس شعبہ میں فی الحال 30 ہزار ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں

اور حکومت ہند کے منصوبوں و اقدامات کے مطابق سال 2015 کے اختتام تک 2500 میگاواٹ شمسی توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور اس اعتبار سے رپورٹس کے مطابق اس شعبہ کو مزید 25 ہزار ملازمین درکار ہوں گے اور جب شمسی توانائی کے استعمال کا رجحان بڑھے گا تو ایسی صورت میں شمسی توانائی سے چلنے والے اشیاء کی تیاری بھی بڑی کمپنیوں کی ترجیحات میں شامل ہونے لگے گی اور ان ترجیحات کو پورا کرنے کے لیے انہیں اس شعبہ سے وابستہ یا مہارت حاصل کرنے والوں کی ضرورت ہوگی ۔ ہندوستان میں ملازمت کے مواقع اور مہارت کی ضرورت کا تجزیہ کرنے والی ایک کمپنی کی رپورٹ کے مطابق سال 2015 کے دوران جو بھی ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے ان میں مجموعی اعتبار سے 2.5 فیصد ملازمتوں کے مواقع شمسی توانائی کے میدان میں حاصل ہونے کا امکان ہے چونکہ حکومت کی سرپرستی کے سبب اس شعبہ کی تیز رفتار ترقی کو یقینی تصور کیا جانے لگا ہے ۔ انجینئرس کے علاوہ اس شعبہ میں دیگر ملازمین کے لیے بھی مواقع موجود ہیں جن کی ابتدائی تنخواہیں 10000 تا 15000 ہوسکتی ہیں اور اگر وہ اس شعبہ میں 4 تا 5 سال کا تجربہ رکھتے ہوں تو ایسی صورت میں یہ تنخواہیں 25 ہزار تک بھی ہوسکتی ہیں ۔ ملک میں برقی کے متبادل کے طور پر شمسی توانائی کو دیکھا جانے لگا ہے اور شمسی توانائی کے میدان میں اگر نوجوان مہارت حاصل کرنے لگیں اور تکنیکی ہنر سیکھیں تو وہ ان مواقعوں سے استفادہ کرسکتے ہیں اور اس طرح ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے موجب بن سکتے ہیں ۔۔