شمال مشرق میں شورش پسندی کا خاتمہ میری بڑی کامیابی : راجناتھ سنگھ

ممبئی 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ شمال مشرقی علاقہ میں شورش پسندی کا خاتمہ میری بڑی کامیابی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ملک میں نکسلائٹس تشدد بھی ختم ہونے پر ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ نے مزید زور دے کر کہاکہ بی جے پی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا۔ اس مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی ملے گی کیوں کہ عوام ایک اچھی حکمرانی چاہتے ہیں اور یہ اچھی حکمرانی صرف نریندر مودی کی قیادت میں برقرار رہے گی۔ قومی سطح پر مودی نے جس طریقہ سے ملک کی قیادت کی ہے اور بین الاقوامی سطحوں پر ہندوستان کی پالیسیوں کو گزشتہ پانچ سال کے دوران اُجاگر کیا ہے وہ ماضی میں کسی نے نہیں کیا تھا۔ اس حکومت کی کارکردگی کے بعد یہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ ملک کی ایک چوتھائی اکثریت مودی کو دوبارہ اقتدار پر لانا چاہتی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہاکہ مَیں نے شمال مشرق میں شورش کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔ اب نکسلائٹس بھی دم توڑ چکے ہیں۔ یہ گروپ 1971 ء سے مضبوطی کے ساتھ سرگرم تھا۔