شمالی ہند میں کہر ‘ 7 ٹرینیں منسوخ

نئی دہلی۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی ہند میں اکثر ریاستیں گھنے کہر میں عملاً ڈھپ گیئں ۔ جس کے نتیجہ میں ریلوے نے آج قومی دارالحکومت نئی دہلی سے ملک کے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی 7 ٹرینوں کو منسوخ کردیا ۔ شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے کہا کہ آنے والی ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر کے سبب ان 7 ٹرینوں کی روانگی کو منسوخ کرنا پڑا ۔ اس دوران تقریباً 10 ٹرینیں مقررہ وقت سے 2 تا 10 گھنٹے کی تاخیر کے ساتھ آج نئی دہلی پہونچی ۔ ناکافی بصارت کے سبب گزشتہ 15 دن سے ان علاقوں میں ٹرین خدمات وقفہ وقفہ سے متاثر ہورہی ہیں ۔ آج منسوخ شدہ ٹرینوں میں جھارکھنڈ ایکسپریس ‘ جالندھر انٹر سٹی ایکسپریس ‘ لچھوی ایکسپریس ‘ گڑوال ایکسپریس وغیرہ شامل ہیں۔

کوئلہ اسکام ‘ سی بی آئی مزید ایف آئی آر درج کرے گی
نئی دہلی ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی اپنی تحقیقات کے دائرہ کو وسعت دیتے ہوئے کوئلہ اسکام کی تحقیقات کے مقدمات میں مزید ایف آئی آر درج کرے گی ۔ بالخصوص 2006-09 ء کے دوران بعض خانگی کمپنیوں کو کوئلہ بلاکس کی تخصیص میں مبینہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ سی بی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ’’ یہ ایجنسی بہت جلد مزید دو یا تین ایف آئی آر درج کرے گی ۔ کوئلہ بلاک تخصیص اسکام کی تحقیقات کے ضمن میں سی بی آئی تاحال 14 ایف آئی آر درج کرچکی ہے اور تین ابتدائی تحقیقات کی جاچکی ہیں ۔ یہ تحقیقاتی ادارہ 2006 ء اور 2009 ء کے درمیان بعض خانگی کمپنیوں کو کوئلہ کی تخصیص میں ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں کا جائزہ لے رہا ہے ۔ ان کمپنیوں میںانیل امبانی کا اے ڈی اے جی گروپ بھی شامل ہے ۔