شمالی ہندوستان میں دہلی، سرینگر، پنجاب، ہریانہ شدید سردی کی لپیٹ میں

نئی دہلی/ چندی گڑھ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سردیوں نے تقریباً پورے شمالی ہندوستان کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے جہاں دارالخلافہ میں گزشتہ دس سال میں پہلی بار کم ترین درجہ حرارت نوٹ کیا گیا جو آج صبح تک 2.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جبکہ صرف کل تک درجہ حرارت 4.5 ڈگری سیلسیس تھا ۔ یخ بستہ ہواؤں کے علاوہ دبیز دھند کی چادر نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے عوام کپکپا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کل کے لئے بھی اسی صورتحال کی پیش قیاسی کی ہے ۔

دوسری طرف تاج محل کیلئے مشہور آگرہ میں بھی درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلسیس نوٹ کیا گیا جبکہ گزشتہ دو دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ لکھنو میں واقع محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر 31 ڈسمبر کی شب کو ہلکی بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔ یہاں کی کچھ رضاکار ایجنسیوں نے متعدد نائٹ شیلٹرس بھی کھولے ہیں۔ دریں اثناء شری ناتھ جی نیشلک سیوا کے سربراہ بانکے لال مہیشوری نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے رین بسیرے (نائٹ شیلٹرس) ہاؤس فل ہوچکے ہیں

جہاں ہم آرام دہ بستر کے علاوہ آگ تاپنے کیلئے آگ کا انتظام بھی کرے ہیں۔ اسی طرح کشمیر کے سرینگر اور لداخ کے محتلف علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.3 ڈگری سیلسیس منفی ریکارڈ کیا گیا جو جاریہ موسم کا سرد ترین رات سے تعبیر کی جارہی ہے ۔