شمالی کوریا کا گائیڈڈ میزائل تجربہ

پیونگ یانگ ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے 18 اپریل کو اپنے ایک نئے گائیڈڈ میزائل کا تجربہ کیا جس پر ایک طاقتور وارہیڈ بھی لگا ہوا تھا۔ کمیونسٹ کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے نے اسے ایک ایسا فضائی ہتھیار قرار دیا ہے جو اپنے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے اسے نشانہ بنا سکتا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ اس ہتھیار کو جوہری وار ہیڈز سے مسلح بھی کیا جاسکتا ہے۔ کے سی این اے کے مطابق اس تجربے کے موقع پر شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان بھی موجود تھے۔ انہوں نے شمالی کوریا کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے اس تجربہ کو ایک کامیاب پیشرفت قرار دیا۔ رواں برس فبروری میں امریکی صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کے بعد سے شمالی کوریا کی طرف سے یہ کسی بڑے ہتھیار کا پہلا تجربہ ہے۔