شمالی کوریا کا نیا میزائل ٹیسٹ ایک بار پھر ناکام

میزائل ٹیسٹ کے سبب شمالی کوریا پرپابندی عائد کئے جانے کا اندیشہ
واشنگٹن۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکومت کے ذرائع کے مطابق شمالی کوریا کی طرف سے کیا گیا نیا میزائل ٹیسٹ بھی ناکام ہوگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شمالی کوریا نے دارالحکومت پیانگ یانگ کے شمالی علاقے سے آج صبح ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا جو ناکام رہا۔ میزائل ٹیسٹ کے بارے میں ابھی تفصیلی معلومات نہیں مل پائی ہیں۔شمالی کوریا کے حالیہ ناکام میزائل ٹیسٹ کے سبب امریکہ اس کے خلاف نئی اقتصادی پابندیوں کا اعلان کر سکتا ہے ۔ ایک امریکی افسر نے یہ اطلاع دی ۔اس افسر نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ کل شمالی کوریا نے امریکہ اور چین کی درخواست کو درکنار کرتے ہوئے اپنا میزائل تجربہ کیا۔ اگرچہ یہ ٹیسٹ ناکام بتایا جا رہا ہے لیکن امریکہ اس سے کافی حیرت میں ہیں اور اب شمالی کوریا کے خلاف نئی اقتصادی پابندیوں کا اعلان کیا جا سکتا ہے ۔افسر کے مطابق اب کچھ بھی کارروائی کی جا سکتی ہے اور اس کے خلاف محدود پابندیوں کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ میزائل ٹیسٹ ایک طرح سے اشتعال انگیز کارروائی ہے اور 9 مئی کو ہونے والے جنوبی کوریا کے صدارتی انتخابات سے پہلے اس میزائل تجربہ کا اندیشہ تھا۔چند حکام کا خیال ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ شمالی کوریا کے جوہری مواد لے جانے کے اہل میزائل کے ٹیسٹ پر بھی فکر مند ہے کیونکہ اس کی زد میں امریکہ بھی آ سکتا ہے ۔ امریکہ اب اس کے چھٹے جوہری ٹیسٹ پر نزدیکی نظر رکھ رہا ہے ۔خیال ر ہے کہ کل امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلیرسن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں وارننگ بھرے لہجے میں کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا کے جوہری اور بیلسٹک پروگرام پر روک نہیں لگائی گئی تو اس کے بہت ہی سنگین نتائج ہوں گے ۔افسر نے بتایا کہ ان اقتصادی پابندیوں کا اعلان آئندہ چند دنوں میں کیاجا سکتا ہے۔