شمالی ملائشیا میں دسیوں گھر طوفان سے منہدم

کوالالمپور ۔ 30ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام )ملائیشیا کے شمال مغربی ریاست پنانگ کے شہر بالک پولاؤ میں طوفانی ہواؤں سے تین سو سرسٹھ گھر منہمد ہو گئے ہیں، ڈیڑھ ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔اخبار نیو سٹریٹس ٹائمز کے مطابق پچھلے برسوں میں ملائشیا سے ٹکرانے والا یہ طاقت ور ترین طوفان ہے۔ ہوا کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ کچھ گھروں کی لوہے کی چھتیں ٹوٹ گئیں اور بہت زیادہ درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ مزید برآں بجلی کے تار ٹوٹ گئے ہیں۔ شہر میں تین حفاظتی مراکز کھولے گئے ہیں جہاں دو سو سے زیادہ کنبوں کو عارضی رہائش فراہم کی گئی ہے۔ چند زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔