شمالی غزہ میں پرتشدد جھڑپیں، 9فلسطینی۔ایک اسرائیلی فوجی زخمی

غزہ، 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی غزہ پٹی میں اتوار کی شام پرتشدد جھڑپ کے دوران کم از کم نو فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے ۔غزہ میں واقع وزارت صحت کے ترجمان اشرف الکیدرا نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے کی گئی فائرنگ میں نو فلسطینی زخمی ہو گئے جس میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔اس سے پہلے غزہ کے سیکورٹی حکام نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے شمالی غزہ میں اسرائیلی سرحد کے قریب واقع حماس کے مسلح ونگ القسیم بریگیڈ کی ایک فوجی چوکی پر کئی گولے داغے ۔ اس واقعہ میں تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ پٹی میں اسرائیلی سرحد کے قریب فلسطینیوں نے پرتشدد وارداتیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں نے ٹائر جلائے اور سرحد پر تعینات اسرائیلی فوج کی جمعیت پر دستی بم پھینکے ۔ اس واردات میں ایک فوجی زخمی ہو گیا جسے علاج کے لئے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 30 مارچ 2018 سے فلسطین کی طرف اسرائیل کے خلاف ‘گریٹ مارچ آف رٹرن’ شروع کرنے کے بعد سے غزہ پٹی اور اسرائیل سرحد پر کشیدگی ہے ۔ غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں 250 سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور 26000 زخمی ہوئے ہیں۔