شری گنگا نگر سے متصل پاکستان علاقے میں دھماکے ، سرحدی عوام میں خوف

شری گنگا نگر، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع شری گنگا نگرسے متصل بین الاقوامی سرحد کے پار پاکستانی علاقے میں آج صبح مسلسل دو دھماکے ہوئے ، جس سے سرحدی علاقے کے لوگ سہم گئے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق صبح نو بجکر 47 منٹ پر کچھ وقت کے وقفے پر دو دھماکے ہوئے ، جس کی آوازضلع شری گنگا نگرمیں ہندوستان-پاکستان کی سر حد سے کافی دور تک گج سنگھ پور ، رائے سنگھ نگر، انوپ گڑھ اور گھڑسانا کے کچھ علاقوں تک سنی گئی۔ اس سے سرحدی علاقے میں واقع دیہات میں دروازے اور کھڑکیاں تک ہل گئے اور لوگوں نے گھروں کی دیواروں میں تھرتھراہٹ تک محسوس کی۔ دھماکوں کی تیز آواز سے لوگ ڈر گئے اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج اپنے علاقے میں محتاط ہے اور اس نے سر حد کے قریب مسلسل اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہے۔ اسی سلسلہ میں پاکستانی فضائیہ کے طیارے سر حد سے تقریبا دس کلو میٹر پیچھے پرواز کر رہے ہیں۔