شریعت محمدیؐ کی حفاظت کے لیے متحدہ کوشش ضروری

تحفظ شریعت کانفرنس کو کامیاب بنانے محمد مشتاق ملک کی مسلمانوں سے اپیل

حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( راست ) : مسلمانان ہند شریعت محمدیؐ میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گے ۔ یکساں سیول کوڈ کے ذریعہ حکومت ہند ملک میں ایک قانون لانے اور مسلمانوں کو قرآن و حدیث پر عمل کرنے سے روکنا چاہتی ہے ۔ ایسی کسی بھی مداخلت کو مسلمان متحدہ طور پر جدوجہد سے ناکام بنادیں گے ۔ ملک کے 20 کروڑ مسلمان شریعت محمدیؐ کی حفاظت کے لیے اپنے اپنے مسالک اور عقیدوں کے ساتھ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ساتھ ہیں ۔ مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد کے نام پر بعض طاقتیں ایک سازش کے ذریعہ انتشار پیدا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جس کا مقابلہ تمام مسالک کے اتحاد کے ذریعہ ہی دیا جاسکتا ہے ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان 13 نومبر 2016 کو شہر حیدرآباد نمائش میدان پر منعقد ہونے والی آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس کے ضمن میں کرناٹک ، مہاراشٹرا کا ایک ہفتہ دورہ کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ضلع بیدر میں ہمناآباد ، بسواکلیان ، مہاراشٹرا میں ناندیڑ ، پربھنی ، جالنہ ، اورنگ آباد میں جلسے ، عوامی و خصوصی اجلاسوں کو خطاب کیا جس میں جماعت اسلامی ، جمعیت العلماء ، ائمہ کونسل ، پرسنل لا بورڈ ، مفتیان ، مشائخین ، سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ان پروگراموں میں شرکت کی ۔ آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس کے ضمن میں جناب محمد مشتاق ملک نے کرناٹک اور مہاراشٹرا کے اجتماعات میں واضح کیا کہ شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس فرقہ پرستوں کے عزائم پر ضرب ہوگی اور ملی اتحاد کا بے مثال مظاہرہ ہوگا ۔ شریعت کانفرنس میں ’’یکساں سیول کوڈ کے اثرات دوسرے مذاہب پر ‘‘کے عنوان پر خطاب کے لیے دیگر مذاہب کے مذہبی پیشواؤں کو دعوت دی جارہی ہے ۔ چنانچہ اس سلسلہ نادید کے گرودوارہ بھی ایک وفد جناب محمد مشتاق ملک کے زیر قیادت گیا سنت بابا بلویند سنگھ صدر تخت سے ملاقات کی اور یکساں سیول کوڈ کے خطرات سے آگاہ کیا جس پر صدر گرودوارہ نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ جدوجہد میں تعاون کا پیشکش کیا اور حیدرآباد کی کانفرنس میں شرکت کا وعدہ کیا ۔ کرناٹک میں شریعت کانفرنس کے سلسلہ میں جناب سید ذوالفقار ہاشمی سابق ایم ایل اے ، جناب خالد شکیل ہمناآباد ، جناب ارشد پٹیل ، جناب خواجہ معین الدین باگسوار ، جناب اکرام بسواکلیان کے انچارج ہوں گے ۔ جب کہ ناندیڑ جناب رئیس خطیب ، جناب وقار الدین ، پربھنی ، جناب عبدالرزاق جالنہ ، جناب اویس اورنگ آباد انچارج ہوں گے ۔ ہر مقام پر گیارہ رکنی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے ۔ ان دوروں میں مولانا حافظ شیخ حسین سوشیل ریفارم کمیٹی ، ڈاکٹر علیم خاں فلکی صدر سوشیل ریفارم کمیٹی ، جناب ایم اے غفار نائب صدر شبان ، جناب مزمل حسین ، جناب سید عارف قادری ، جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کے ہمراہ تھے ۔۔