شرمیلا کی تلنگانہ میں مجوزہ یاترا

کوئی سیاسی محرکات نہیں ،جگن کا وعدہ پورا کرنا مقصد :سرینواس ریڈی
حیدرآباد 30 نومبر (پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن شرمیلا 8 ڈسمبر سے تلنگانہ میں ’’پرمرسا یاترا ‘‘ شروع کریں گی تا کہ جگن کی نامکمل ’’پرسہ یاترا‘‘ کو پورا کیاجاسکے ۔ اس یاترا کا مقصد ان ارکان خاندان کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کرنا ہے جو سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 2009 میں اچانک موت کے سبب صدمہ سے چل بسے تھے ۔ شرمیلا کی یاترا 8 ڈسمبر کو اسمبلی حلقہ کلوا کرتی ضلع محبوب نگر سے شروع ہوگی اور 10 حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ وائی ایس آر کانگریس کی کار گذار صدر تلنگانہ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے آج یاترا کا پوسٹر جاری کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع محبوب نگر میں وائی ایس آر کی موت کی خبر سن کو 18 افراد نے اپنی جان دیدی تھی۔ جگن موہن ریڈی نے ضلع کھمم میں پرسہ یاترا مکمل کرلی لیکن مابقی 9 اضلاع میں مختلف وجوہات کی بناء یہ یاترا پوری نہ ہوسکی تھی۔ اس یاترا میں اُن کسانوں کے خاندانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے خودکشی کی ہے ۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے 150 خاندانوں نے خودکشی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں عوام کے تمام طبقات وائی ایس آر کو کافی پسند کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے کئی فلاحی اسکیمات شروع کی تھی اور اس سے عوام کو کافی فائدہ پہنچا ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہونے کاالزام عائد کیا ۔ شرمیلا کی یاترا کے سیاسی مقاصد کی تردید کریت ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں کوئی انتخابات نہیں ہورہے ہیں اور اس یاترا کے کوئی سیاسی محرکات نہیں ہے ۔ اس کا مقصد صرف وائی ایس جگن موہن ریڈی کے وعدے کو پورا کرنا ہے ۔