شرعی قوانین پر اظہار خیال مسلمان کا فرض: تحریک انصاف

اسلام آباد ۔ 8 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے ٹی ٹی پی ترجمان شاہداﷲ شاہد نے آج کہا کہ اگر طالبان کو ملک کے دستور پر اعتماد ہوتا تو وہ حکومت کے خلاف آمادہ جنگ نہیں ہوتی ۔ حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان ملک میں شرعی قوانین کے نفاذ کیلئے آمادۂ جنگ ہے اور شاید بات چیت بھی اُسی نظریئے کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی ۔ طالبان اور حکومت پاکستان کے درمیان جاری کشاکش کو ختم کرنے کے لئے بات چیت کی راہ اپنائی گئی ہے جس کا پہلا مرحلہ فریقین کے مستقبل کی بات چیت کے لئے روڈ میاپ تیار کرنے پر اختتام پذیر ہوا جہاں حکومت پاکستان نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ امن بات چیت پاکستانی دستور کے دائرہ کار میں ہونی چاہئے ۔ مسٹر شاہد نے کہا کہ پاکستان کی تشکیل ہی اسلام کے نام پر ہوئی تھی اور ملک میں شرعی قوانین کا نفاذ اس لئے ممکن ہے کہ مد مقابل جس پارٹی سے بات کی جارہی ہے وہ بھی مسلمان ہے لہذا کسی بھی مسلمان کیلئے شرعی قوانین کے نفاذ کے موضوع پر بات کرنا یا اُس پر عمل آوری کرنا کوئی خاص مشکل کام نہیں ہونا چاہئے ۔