شب برات امت مسلمہ کیلئے اللہ تعالی کی طرف سے نعمت عظمی

کل ہندمرکزی رحمت عالم کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب برات کے ضمن اجلاس ، مولانا اقبال احمد رضوی القادری کا خطاب
حیدرآباد /21 مئی ( راست ) اللہ تعالی کے اپنے حبیب پاک ﷺ کے صدقہ میں امت مسلمہ پر یوں تو بے پناہ انعامات ہیں لیکن انہی نعمتوں میں سے ایک نعمت شب برات ہے جو رحمت کی مغفرت کی بخشش اور عطا کی رات ہے ۔ اس رات اللہ تعالی اپنے بندوں کیلئے اپنی رحمت کے دروازے کھول دیتا ہے اسی رات کو ہر مسلمان کے سال بھر کے اعمال بارگاہ خداوندی میں پیش کئے جاتے ہیں اور اسی رات رزق ، حیات و موت اور آنے والے معاملات اللہ تعالی کی جانب سے مقرر کئے جاتے ہیں ۔ رب ذوالجلال کا بڑا احسان ہے کہ ہمیں امت محمدیہ میں پیدا فرمایا اور نبی پاک ﷺ سے محبت کی نعمت عطا فرمائی ۔ جن کے صدقہ و طفیل میں ہمیں اپنی مغفرت کے اسباب ملے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے سالانہ کل ہندمرکزی جلسہ شب برات منعقد شدنی 2 جون کو بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونئیر کالج گراؤنڈ کے ضمن میں قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ میں اجلاس سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں گمراہ اور فاسد عقائد والی جماعتیں بھولے بھالے مسلمانوں کو گمراہ کرکے ان کے ایمان کو نقصان پہونچا رہی ہیں ۔ آج ہر مسلمان کا فریضہ ہے کہ وہ دینی تعلیم کے حصول کو اپنے اور اپنے گھر والوں کیلئے لازم کرلے ۔ کیونکہ دینی تعلیم کے حصول ہی سے ایمان اور عقیدہ کی حفاطت کی جاسکتی ہے ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ الحمدللہ رحمت عالم کمیٹی مسلسل 20 سال سے دین متین اور مسلک حق اہلسنت کیلئے خدمات انجام دیتی آرہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کل ہند مرکزی جلسہ شب برات چنچل گوڑہ جونئیر کالج گراؤنڈ پر منعقد ہوگا جس میں ساؤتھ آفریقہ ، پاکستان اور جموں کشمیر کی علمی و روحانی شخصیات کی آمد متوقع ہے ۔ عنقریب مہمان علماء کرام کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔ چنچل گوڑہ جونئیر کالج گراؤنڈ پر سامعین کے بیٹھنے کیلئے مزید بہتر انتظام کئے جارہے ہیں ۔ خواتین کیلئے پردہ کا معقول انتظام رہے گا۔ اجلاس کا آغاز شیخ حسین قادری ملتانی کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہ رسالتماب ﷺ میں محمد عبدالکریم رضوی نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالرحمن خان ، ملک ابراہیم علی خان خالد ، ڈاکٹر عظمت رسول ، سید طاہر حسین قادری ، عبیداللہ سعدی قادری ، یونس برکاتی ، محمد عبدالکریم رضوی ، سید متین قادری و دیگر اراکین کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ آخری میں صلواۃ سلام اور دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔