شاہ میر پیٹ جھیل کو سیاحتی مرکز بنانے چیف منسٹر کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 30جولائی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ حیدرآباد ۔ کریم نگر روڈ سے متصلہ شاہ میر پیٹ جھیل کو ایک بڑے تفریحی مرکز میں تبدیل کیا جائے ۔ کے سی آر کے دفتر نے ان کے حوالے سے کہا کہ اس جھیل کو سال بھر لبریز رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ راؤ نے اس ضمن میں منعقدہ اجلاس میں عہدیداروں سے کہا کہ اس جھیل کے فروغ اور اطراف کے علاقوں کو سیاحت کیلئے پُرکشش بنانے ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے ۔ کے سی آر نے کہا کہ ’’ شاہ میر پیٹ جھیل حیدرآباد سے انتہائی قریب ہے اور سیاحوں کی کافی تعداد پہنچ سکتی ہے ‘ چنانچہ سیاحوں کے قیام کیلئے کاٹیجس ‘ کھیل کود کے مقامات تیار کئے جائیں ۔ نہروں اور جھیل کے اطراف پھول اور پودے لگائے جائیں ‘‘ ۔ کے سی آر نے کہا کہ کالیشورم لفٹ آبپاشی پراجکٹ کے تحت شاہ میر پیٹ جھیل کو کونڈا پوچما ذخیرہ آب سے پانی سربراہ کیا جاسکتا ہے ۔