شاہ رخ اور سلمان کے خلاف کیس کی سماعت

میرٹھ ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں بالی ووڈ اسٹارس سلمان خاں اور شاہ رخ خاں کے خلاف ایک کیس کی سماعت 8 مارچ ہوگی۔ جن کے خلاف ایک مندر میں جوتے پہن کر داخل ہونے کا الزام ہے ۔ درخواست گذار بھرت راجپوت جو کہ صدر ہندو مہا سبھا میرٹھ یونٹ ہیں، ڈسٹرکٹ جج کے روبرو آج ایک درخواست نظر ثانی داخل کی ہے ۔ جنہوں نے یہ عرضی قبول کرتے ہوئے سماعت کی تاریخ 8 مارچ مقرر کی ہے ۔ راجپوت نے بتایا کہ شاہ رخ خاں اور سلمان خاں نے ایک ٹی وی شو بگ باس کی شوٹنگ کے لیے کالی مندر کے سیٹ میں جوتوں کے ساتھ داخل ہو کر عوام کے مذہبی جذبات مجروح کیے ہیں ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ اس مسئلہ پر پروگرام ڈائرکٹر اور ٹی وی چیانل انتظامیہ کو ایک مکتوب بھی روانہ کیا تھا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مذہبی مقام میں جوتے پہن کر داخل نہیں ہونا چاہئے اور ٹی وی چینل پر اس طرح کے مناظر پیش کرنے سے مذہبی جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔