شاہین نگر کے غریب عوام قطرہ قطرہ پانی کیلئے محتاج

پانی خرید کر پینے پر مجبور ، عہدیداروں کی بے حسی افسوسناک
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( نمائندہ خصوصی ) : شاہین نگر اور اطراف کے علاقوں میں گنجان مسلم آبادی ہے اور آبادی کی اکثریت کی یہی شکایت ہے کہ ان علاقوں میں کوئی بنیادی سہولتیں نہیں ۔ حد تو یہ ہے کہ عوام گذشتہ ایک ماہ سے پانی کے قطرہ قطرہ کو ترس رہے ہیں ۔ انہیں 250 روپئے میں 500 لیٹر پانی خرید کر استعمال کرنا پڑرہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہین نگر ، بسم اللہ کالونی ، سعادت نگر ، قبا کالونی ، ایرا کنٹہ اور دیگر محلہ جات میں پائی جانے والی پانی کی شدت قلت کو دور کرنے کی بجائے عہدیدار اور سیاستداں پانی فروخت کرنے والی ٹرالیوں کے مالکین کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ اس طرح ان علاقوں میں ایک طرح پانی مافیا غریب عوام کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے ۔ جہاں غریب پانی کی قلت سے پریشان ہیں وہیں پانی کے ٹرالی مالکین کی چاندی ہی چاندی ہے ۔ عوام کے مطابق سیاسی قائدین اس اہم ترین عوامی مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ عوام کے لیے ایک اور پریشانی کی بات یہ ہے کہ مذکورہ علاقوں میں پانی سطح زمین سے نیچے چلا گیا ہے ۔ بورویلس کی کھدائی کے لیے بے تحاشہ رقم خرچ کرنے کے باوجود کوئی نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں ۔ بورویلس کے ناکام ہونے پر ایک طرح سے لاکھوں روپئے پانی میں جارہے ہیں ۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر گنجان مسلم آبادی والے ان علاقوں کو ہی بنیادی سہولتوں سے کیوں محروم رکھا جارہا ہے ۔۔