شاہد خاقان عباسی کے 90 دن نواز شریف کے 900 دنوں پر بھاری

اسلام آباد۔31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے 90 دن سابق وزیر اعظم نواز شریف کے 900 دنوں پر بھاری ہو گئے، پارلیمنٹ میں حاضری کابینہ کے اجلاس اور انٹرویوز کی تعداد نواز شریف سے کہیں زیادہ ہے۔ نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے 900 دن کے مقابلے میں شاہد خاقان عباسی کے نوے دن نے ساری کا یہ ہی پلٹ دی، نواز شریف کے دور وزارت عظمیٰ کے 900 دنوں میں کابینہ کے محض 10 اجلاس ہوئے جبکہ موجودہ وزیر اعظم کے دور میں اب تک 12 اجلاس ہو چکے ہیں، اس طرح پہلے 4 ماہ میں ایک اجلاس ہوتا تھا اب مہینے میں 4 اجلاس ہو رہے ہیں۔ نواز شریف کے 900 دنوں میں قومی سلامتی کے 13 جبکہ شاہد خاقان عباسی کے 90 دنوں میں 14 اجلاس ہوئے۔ شاہد خاقان کی حاضری بھی نواز شریف سے دگنی ہے، نواز کی حاضری 13 فیصد تھی جبکہ اب 26 فیصد ہے، نواز شریف ہفتہ میں چھٹی کے 2 دن لاہور کا سفر کرتے تھے جبکہ موجودہ وزیر اعظم اسلام آباد میں ہی ہوتے ہیں، نواز شریف نے 900 دنوں میں صرف ایک انٹرویو دیا جبکہ شاہد خاقان اب تک ملکی و غیر ملکی میڈیا کو 10 انٹرویوز دے چکے ہیں۔ نواز شریف کے مقابلے میں شاہد خاقان کا پروٹوکول بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔