شام پر فضائی حملے ، 18 ہلاک 40 زخمی

بیروت۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لندن میں واقع شام کے ایک مبصر ادعدہ نے آج دعویٰ کیا کہ اس جنگ زدہ ملک میں باغیوں کے زیرکنٹرول مغربی علاقہ پر غالباً روسی فضائی حملوں میں کم سے کم 18 عام شہری ہلاک اور دیگر 40 زخمی ہوگئے۔ شامی مبصر ادارہ برائے انسانی حقوق نے کہا کہ القاعدہ اور اس سے ملحقہ چند اسلامی گروپوں سے متعلق رکھنے والے باغی گروپ النصرہ کے زیرکنٹرول اریحا ٹاؤن پر فضائی حملے ہوئے۔ صوبہ ادلب کے اس ٹاؤن میں کئی مقامات فضائی حملوں کا نشانہ بنے ہیں جہاں شاید زخمی افراد کے علاج کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ النصرہ نے مئی میں صدر بشارالاسد کی فوج سے گھمسان لڑائی کے بعد اریحا ٹاؤن پر قبضہ کرلیا تھا۔ روس نے 30 ستمبر سے شام کے چند منتخب مقامات پر فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا اور کہا تھا کہ داعش اور دیگر دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن مخالفین نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش سے کہیں زیادہ اسلامی انتہا پسند باغیوں اور اعتدال پسندوں کو روسی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔