شام میں معصوم شہریوں پر مظالم کے خلاف عالم انسانیت اشکبار

حکومت کی کارروائیوں کے خلاف ساری دنیا میں صدائے احتجاج بلند ‘ میڈیا کی بے حسی پر بھی تنقید
دمشق ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) شام میں معصوم شہریوں پر ہورہے مظالم کے خلاف عالم انسانیت اشک بار ہے ۔ شہر الغوطہ میں پچھلے 7روز سے شامی افواج کی جانب سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں مرنے والے شہریوں کی تعداد 500سے زائد ہوگئی ہے جس میں دیڑھ سو سے زائد بچے شامل ہیں ۔ معصوم شہریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف دنیا بھر سے آواز بلند کی جارہی ہیں اور شام میں خون بہہ رہا ہے ۔ عالمی ٹرینڈ کی شکل اختیار کرچکا ہے جس سے نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی اپنی ٹوئٹس کے ذریعہ شام کے معصوم شہریوں سے اظہار ہمدردی کررہے ہیں ۔ مشہور و معروف پاکستانی اداکار ماہرہ خان نے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے ایک شامی بچی کی خون آلود تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی بے حسی ہے ۔ ہندوستانی اداکارہ ایشا گپتا کا اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مجھے اس بات سے غرض نہیں کہ میں کس ملک یا مذہب سے تعلق رکھتی ہوں ‘ شام میں انسانیت دم توڑ رہی ہے ‘ معصوم بچے مررہے ہیں ‘ اس ظلم کو اب ختم ہونا چاہیئے ۔ موسیقار ہارون شاہدکا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ شام میں جاری نسل کشیکی کچھ درد ناک تصویریں میری نظروں سے گزر رہی ہیں ۔ شام کے عوام کے درد اور تکلیف کا تصور بھی نہیں کرسکتا میں شام میں امن کیلئے دعاگو ہوں اور پاکستانی صحافی آفتاب اقبال کا کہنا تھا کہ جہاں عمران خان کے نکاح سے لیکر ہندوستانی اداکارہ کے ناشتے کی خبر ایک بریکنگ نیوز ہوتی ہے لیکن شام میںشہید ہونے والے ہزاروں مسلمانوں کی خبر اہمیت نہ رکھتی ہو ‘ وہاں صرف حکومت ہی نہیں صحافت بھی کرپٹ ہے ۔ ہندوستانی اداکار اعجاز خان نے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے دو شامی بچوںکی تصویر پوسٹ کیں اور کہا کہ شام میں روزانہ سینکڑوں بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے ‘ تاہم میڈیا اس سکے خلاف کوئی آواز بلند نہیںکررہا ہے ۔ پاکستانی اداکارہ ماورا نے بھی شام کی ایک بچی کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ہم ایسے خوبصورت پھولوں کو روزآنہ بے دردی سے قتل کررہے ہیں یہ دنیا شام کے بچوں کو محفوظ بنانے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ سماجی کارکن مہوش قمر نے ٹوئٹ کیا کہ بالی ووڈان معصوم بچوں پر کوئی فلم کیوں نہیں بناتا ۔