شامی فوج کا بس پر حملہ ،13 ہلاک

دمشق۔ 04 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شام کے مشرقی علاقے میں سرکاری فوج کے ایک بس پر فضائی حملے میں 13 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ان میں زیادہ تر بچے ہیں۔شامی حکومت کے مخالف کارکنان کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے دیرالزور سے دارالحکومت دمشق کی جانب آنے والی مسافر بس پر ایک گاؤں شؤلا کے نزدیک طیارے نے ایک میزائل فائر کیا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق فضائی حملے میں دس بچوں سمیت سولہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں۔لیکن شامی حکومت نے اس الزام کی تردید کی ہے اور الٹا دولت اسلامی (داعش) کو اس واقعے کا ذمے دار ٹھہرایا ہے اور کہا ہے کہ اس سخت گیر جنگجو گروپ نے ایک اور قتل عام کیا ہے۔