شامی فوج نے حما میں 50 دہشت گردوں کو مار گرایا

ماسکو ۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) شامی فوج نے صوبہ حما میں دہشت گرد گروپ ’حیات تحریر الشام ‘کے ایک حملے کو ناکام کرتے ہوئے کم از کم 50 دہشت گردوں ڈھیر کر دیا۔ روسی مرکز نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی ہے ۔حیات تحریر الشام کے دہشت گردوں نے صوبہ حما کے شمال میں الہیرات اور مغیر کی بستیوں کے پاس شامی سرکاری سیکورٹی فورسز پر جمعہ کو حملہ کیا تھا۔ روسی فوج نے بتایا کہ تقریبا 200 دہشت گردوں کے گروپ نے دو ٹینکوں، فوج کی ایک گاڑی اور بھاری مشین گنوں سے سکیورٹی فورسزکو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا تھا۔ جسے شامی سیکورٹی فورسز نے ناکام کر دیا۔ سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک ٹینک، ایک انفنٹری وار وہیکل ، بھاری مشین گنوں کو تباہ کر دیا۔ اس کارروائی میں 50 سے زائد دہشت گرد مارے گئے ۔ملک بھر میں جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود دہشت گرد گروپ اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔