شارجہ ٹسٹ: دوسری اننگز میں پاکستان مشکلات کا شکار

ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 56 رنز کی سبقت کے بعد مصباح کی ٹیم 87/4 ۔ اظہر علی 45 پر ناٹ آؤٹ
شارجہ ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹسٹ کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کی دوسری اننگز مشکلات سے دوچار ہوئی ہے، جیسا کہ آج تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مصباح الحق زیرقیادت ٹیم پہلی اننگز میں 56 رنز سے پچھڑنے کے بعد 87/4 تک گھٹ گئی۔ اس طرح پاکستان کا اسکور عملاً 31/4 ہے۔ تاہم یہ پہلو نمایاں ہے کہ جیسن ہولڈر کی مہمان ٹیم کو میچ کی چوتھی اننگز کھیلنا پڑے گا۔ اسٹمپس پر اوپنر اظہر علی 45 اور وکٹ کیپر بیٹسمن سرفراز احمد 19 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کا دوسری اننگز میں ایک مرحلے پر اسکور 48/4 تک گھٹ گیا تھا۔ آؤٹ ہونے والے بیٹسمنوں میں سب سے پہلے سمیع اسلم کو ہولڈر کی گیند پر اے جوزف نے کیچ کیا۔ اس کے بعد ہولڈر نے آؤٹ آف فام اسد شفیق کو بھی آؤٹ کر دیا۔ اسد شفیق پہلی اننگز کی طرح اس بار بھی اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ اُن کے بعد اسٹار بیٹسمن یونس خان کریز پر آئے لیکن وہ بھی اسکور میں کسی رن کا اضافہ کئے بغیر چلتے بنے۔ انھیں بھی ہولڈر (3/10) ہی نے آؤٹ کیا۔ اب باری تھی اس طرح کی صورتِ حال میں وکٹ پر ڈٹ جانے والے مصباح الحق کی، لیکن میزبان کپتان 4 رنز بنا کر روسٹن چیز کو غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ
ہوگئی۔ تیسرے روز کھیل کے آغاز میں ہی محمد عامر نے جیسن ہولڈر کو آؤٹ کر کے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلوائی۔ کریگ براتھویٹ نے دن کے آغاز میں ہی مزید پانچ رنز بنا کر سنچری مکمل کی۔ پاکستان کو آٹھویں کامیابی اس وقت ملتے ملتے رہ گئی جب دیویندر بشو کے کیچ کو تھرڈ امپائر نے غیرقانونی قرار دیا کیونکہ گیند فیلڈر کی ہیلمٹ کی گرِل سے ٹکرا کر ان کے ہاتھ میں آئی تھی۔ تاہم کھانے کے وقفے کے بعد بشو کو وہاب ریاض نے 27 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کو آٹھویں کامیابی دلوائی۔

وہاب نے ہی جوزف اور شانن گیبریئل کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ انھوں نے اس اننگز میں پانچ وکٹیں (5/88) لیں جبکہ محمد عامر نے تین (3/71) اور یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم دوسرے دن پہلے سیشن میں اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 26 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 281 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔  پاکستان یہ ٹسٹ سیریز میں پہلے ہی 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکا ہے اور اب اس کی نظریں T20 اور ونڈے سیریز کے بعد ٹسٹ سیریز میں بھی ’وائٹ واش‘ درج کرانے پر مرکوز ہیں۔ تاہم اس کا انحصار اب اظہر علی اور سرفراز احمد کی آخری مسلمہ بیٹنگ جوڑی پر ہے کہ وہ چوتھے روز پاکستانی اننگز کو کس قدر طول دے پاتے ہیں۔ کپتان مصباح کو اچھے پیس اٹیک کے ساتھ ساتھ یاسر شاہ کی کارگر لیگ اسپن دستیاب ہے۔ بابر بھی مفید بولنگ کرسکتے ہیں۔ اس پس منظر میں اظہر اور سرفراز اور ان کے بعد پاکستان کا لوور آرڈر ٹیم کی مجموعی سبقت کو 250 کے آس پاس پہنچا دیتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو چوتھی اننگز میں ٹارگٹ حاصل کرنا کٹھن ہوسکتا ہے۔ اوپنر براتھویٹ نے شاندار بیٹنگ کی اور پوری اننگز میں آؤٹ نہیں ہوئے مگر دوسروں کو بھی اپنا رول ادا کرناہوگا۔