شادی

حیدرآباد۔/14فبروری، ( راست ) حافظ محمد عبدالرحیم بانعیم مظاہری امام و خطیب مسجد الرحمن جدہ سعودی عرب و مہتمم مدرسہ الہیہ بارکس و جامعہ الہیہ مہیشورم کے فرزند مولوی انس محمد بانعیم فاضل دارالعلوم ذکریا ساؤتھ آفریقہ کا عقد نکاح مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی مہتمم مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم الرحمانیہ حیدرآباد کی دختر کے ساتھ 14فبروری کو جامع مسجد دارالشفاء میں بحسن و خوبی انجام پایا۔ شادی کی تقریب سنت نبویؐ کے مطابق منعقد کی گئی جس میں رسوم و رواج اور اسراف سے پرہیز کیا گیا جو کہ لین دین، جوڑے گھوڑے اور دیگر مطالبات سے ہٹ کر ایک انتہائی مثالی شادی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ استقبالیہ کا اہتمام مینار گارڈن فنکشن ہال نیاپل میں کیا گیا۔ فنکشن ہال میں اسٹیج اور نوشہ نے پھول پہننے سے بھی گریز کیا۔ مہمانوں کی ضیافت چائے اور حلیم کے ذریعہ کی گئی۔ تقریب میں شریک علماء، دانشوران قوم اور قائدین نے اس مثالی اور شرعی شادی کے اہتمام پر دلہا اور دلہن کے والدین حافظ محمد عبدالرحیم با نعیم اور مفتی محمد غیاث الدین کو مبارکباد پیش کی۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے بھی دلہا اور دلہن کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ سادگی سے شادیوں کی حیدرآباد میں شروع کردہ مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے جبکہ مولانا محمد عبدالرحیم بانعیم مظاہری نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں نے اسراف سے بچنے کے لئے جس مہم کا آغاز کیا ہے اسے مسلمانوں کو اختیار کرنا چاہیئے کیونکہ اس میں اللہ اور اس کے حبیب ؐ کی رضاشامل ہے۔