شادی کے نام پر دھوکہ ، چالاک عورت گرفتار

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) شادی کے نام پر ایک شخص کو دھوکہ دے کر رقم ہڑپنے والی ایک چالاک عورت کو رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اُس نے آرمی کے ریٹائرڈ ملازم اور اُس کے بیٹے کو دھوکہ دے کر 3,36,000 روپئے اینٹھ لئے تھے۔ سائبر کرائم پولیس نے نوی ممبئی کی متوطن 42 سالہ ریما سندھو کو گرفتار کرلیا جو پیشہ سے آواز اور انداز بیاں کی تربیت دیتی ہے۔ آسان انداز میں پیسے کمانے کے لئے ریما نے منصوبہ تیار کیا اور شادی کی ویب سائیٹ پر اپنا پروفائیل درج کردیا۔ سکندرآباد کے یاپرال علاقہ سے تعلق رکھنے والے آرمی کے ریٹائرڈ ملازم نے اُس سے رابطہ کیا جو اُس کے بیٹے کے لئے رشتہ تلاش کررہا تھا۔ بعد میں ایک دوسرے کی تفصیلات کا تبادلہ ہوا اور ریما نے خود کو نیورو سرجن ظاہر کیا۔ اُس نے دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے بتایا کہ وہ ممبئی کے بڑے ہاسپٹل میں خدمات انجام دے چکی ہے۔ شکایت کنندہ بھوپندر سنگھ کے بیٹے دلپریت سنگھ سے ریما نے وقفہ وقفہ سے تین لاکھ 36 ہزار روپئے حاصل کئے اور اُس کے بعد وہ منظر سے غائب ہوگئی تھی۔ پولیس نے شکایت پر اُسے گرفتار کرکے ممبئی سے حیدرآباد منتقل کیا۔