شادی میں ’ایک کھانا۔ ایک میٹھا‘ مہم کا آج افتتاحی اجلاس

جناب زاہد علی خان سرپرست اجلاس ہوں گے، علماء، دانشور اور معزز شہریوں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (پریس نوٹ) تحریک مسلم شبان کے زیراہتمام ’’شادی میں ایک کھانا ۔ ایک میٹھا‘‘ مہم کا افتتاحی اجلاس عام یکم ؍ مارچ بروز اتوار کو صبح 10.30 بجے مسجد حسینی وجئے نگر کالونی روبرو ملے پلی آئی ٹی آئی گلڈ منعقد ہوگا۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست اس اجلاس کے سرپرست ہوں گے۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک شبان اجلاس کی نگرانی کریں گے۔ شادیوں میں کھانے پر اسراف ملت کے بے شمار افراد کیلئے تکلیف کا باعث بنا ہوا ہے ۔ تحریک مسلم شبان کی اس مہم کمیٹی جناب ایم اے غفار نائب صدر، جناب مسکین احمد، جناب پرویز صدر معتمد شبان، جناب سید عارف قادری کے بموجب اس اجلاس میں علمائے کرام، مشائخین عظام کے علاوہ مساجد کمیٹیوں کے ذمہ دار ائمہ، خطیب، مدارس دینیہ کے ذمہ دار، ملی، مذہبی، سماجی جماعتوں، انجمنوں کے ذمہ دار و عہدیداران شرکت کریں گے۔ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہماری شادیوں کا اسراف ختم نہ ہوجائے، شادی کے عنوان پر سود اور قرض کی لعنت ختم نہ ہوجائے۔ اس مہم کا افتتاحی اجلاس مسجد میں رکھنے کا مقصد یہ ہیکہ مساجد کو مہم کا مرکز بنایا جائے گا۔ اجلاس کے انعقاد کے سلسلہ میں بریلوی، دیوبندی، اہلحدیث و دیگر مسالک کے علمائے کرام سے ملاقاتیں کی گئیں اور گفتگو کی ہے عقیدے اور مسالک سے بلند ہوکر خالص ملت کو سود اور قرض سے بچا کر اپنی معیشت کو آپ مستحکم کرنے کیلئے تحریک مسلم شبان اس مہم کو شروع کررہی ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اس مہم کی سرپرستی فرمارہے ہیں۔ پریس نوٹ کے بموجب محلہ واری سطح پر اس مہم کو مسلسل چلایا جائے گا۔ تیاری کمیٹی کے بموجب پارکنگ کار انتظام ملے پلی آئی ٹی آئی گلڈ میں کیا جارہا ہے۔ مسجد کمیٹی، تیاری کمیٹی مہم کے ہمراہ کل جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جناب دستگیر کے بموجب کارکن پارکنگ کیلئے رہنمائی کیلئے موجود رہیں گے۔ ٹھیک 10.30 بجے حافظ و قاری نصیرالدین منشاوی کی قرأت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوگا۔ مختلف محلوں کے انچارجس سے گذارش کی گئی ہیکہ وہ اپنی تجاویز کو تحریری شکل میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم کمیٹی کے حوالے کریں۔