شادنگر میں 83 فیصد پولنگ

شادنگر ۔ یکم ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی شادنگر کے کتور منڈل ، کیٹم پیٹ منڈل ، فرخنگر منڈل اور کندورگ منڈل کے تمام پولنگ مراکز پر رائے دہی جزوی طور پر پرامن رہی ۔ پولنگ کے اختتام سے ایک گھنٹہ قبل اچانک غیرموسمی بارش کی وجہ سے رائے دہندگان کو پولنگ مراکز پر پہونچنے میں دشواری پیش آئی ۔ اس کے علاوہ شادنگر حلقہ کے چاروں منڈلوں سے الیکشن عملہ واپس شادنگر پہونچنے میں بھی تاخیر ہوئی ۔ شادنگر اسمبلی حلقہ ریٹرینگ آفیسر و اسپیشل ڈپٹی کلکٹر محبوب نگر راجا رام نے نمائندہ سیاست شادنگر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولنگ جزوی طور پر پرامن رہی اور شادنگر اسمبلی حلقہ میں پولنگ کا فیصد 83 رہا ۔ اسمبلی اور لوک سبھا کییلئے منعقدہ عام انتخابات کی پولنگ صبح کی اولین ساعتوں سے آغاز کے ساتھ ہی ووٹرس پولنگ بوتھ پہونچ کر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کررہے تھے ۔ صبح کی اولین اوقات میں پولنگ مراکز پر خواتین و مرد ووٹرس کی لمبی قطاریں پولنگ بوتھوں پر دیکھی گئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں ای وی ایم مشینوں میں خرابی پیدا ہونے کی شکایت موصول ہوئی اور بعض مقامات پر ای وی ایم مشینوں میں خرابی پائے جانے کی وجہ سے پولنگ میں خل پڑا جس کی وجہ سے ووٹرس کو ای وی ایم مشینوں کی مرمت تک انتظار کرنا پڑا ۔ کانگریس امیدوار چولہ پلی پرتاب ریڈی نے فرخنگر منڈل کے موضع دوسکل میں واقع پولنگ بوتھ پہونچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔

ٹی آر ایس پارٹی امیدوار وائی انجیا یادو نے کیٹم پیٹ منڈل میں واقع پولنگ مرکز پر پہونچ کر حق رائے دہی سے استفادہ حاصل کیا ۔ بی جے پی امیدوار سری وردھن نے شادنگر میں پولنگ بوتھ پہونچ کر رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ وائی ایس آر سی پی امیدوار بی سداکر ریڈی اپنے ووٹ کا استعمال شادنگر پولنگ مرکز پہونچ کر کیا ۔ الیکشن نگران کار پولنگ بوتھس پہونچ کر تفصیلات دریافت کررہے تھے اور پولنگ کے پرامن انعقاد کیلئے شادنگر ڈی ایس پی دورنا چارلو کی قیادت میں شادنگر سرکل انسپکٹر شریمتی نرملا ، سرکل انسپکٹر شادنگر گنگادھر اور کئی ایک ایس آئز اور پولیس عملہ پولنگ مراکز کے پاس سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے تھے ۔ کندورگ منڈل کے موضع پدایلگولہ میں ٹی آر ایس پارٹی کارکن پر کانگریس پارٹی کارکنوں نے پتھر سے وار کرتے ہوئے زخمی کردیا ۔ حملہ میں ٹی آر ایس کارکن اننتیا زخمی ہوگیا ۔ حملہ میں ملوث افراد کے خلاف پولیس شکایت وصول کرتے ہوئے کیس درجہ رجسٹر کیا اور حالات کو قابو میں رکھتے ہوئے پولنگ کو پرامن انعقاد عمل میں لایا ۔ محبوب نگر بی جے پی پارلیمانی امیدوار ناگم جناردھن ریڈی نے محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کے کتدورگ منڈل کے پولنگ مراکز پہونچ کر الیکشن عملہ سے پولنگ کے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے معائنہ کیا ۔ شادنگر حلقہ سے انتخابی میدان میں موجود کانگریس پارٹی امیدوار چولہ پلی پرتاب ریڈی ، ٹی آر ایس پارٹی امیدوار انجیا یادو ، بی جے پی امیدوار سری وردھن ریڈی ، وائی ایس آر سی پی امیدوار پی سداکر ریڈی اور دیگر امیدواروں نے پولنگ مراکز پر پہونچتے ہوئے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے معائنہ کررہے تھے ۔