س11سالہ ریکارڈ توڑنے والے جوزف 11 دن میں آئی پی ایل سے باہر

ممبئی ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل میں اپنے پہلے ہی میچ میں سنسنی خیز مظاہرہ کرنے والے ویسٹ انڈیز کے نوجوان فاسٹ بولر الزاری جوزف اب اپنی چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔ ممبئی انڈینس کیلئے جوزف کا باہر ہونا ایک بڑا جھٹکا ہے۔ آئی پی ایل 2019 میں ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اپنے پہلے میچ میں صرف 12 رن دے کر چھ وکٹ حاصل کرکے تہلکہ مچادیا تھا۔ تاہم راجستھان رائلس کے خلاف ہفتہ کو ہوئے میچ میں ان کے دائیں ہاتھ میں چوٹ آگئی ۔ فیلڈنگ کرنے کے دوران وہ دائیں کندھے کے بل پر گر پڑے تھے۔ اب اس وجہ سے وہ آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔ جوزف نے آئی پی ایل میں اپنے پہلے ہی میچ میں سب سے بہترین کارکردگی کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا تھا لیکن وہ 11 دن بھی ٹورنمنٹ میں نہیں ٹک پائے۔ جوزف سے پہلے آئی پی ایل میں ایک اننگز میں سب سے بہترین کارکردگی کا ریکارڈ سہیل تنویر کے نام تھا ، جنہوں نے 2008 میں جے پور میں چینائی کے خلاف 14 رن دے کر چھ وکٹ لئے تھے۔