سی پی ای سی کے خلاف ہندوستان پر سازش رچنے پاکستان کا الزام

کراچی ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان پر الزام عائد کیا کہ چین ۔ پاکستان اکنامک کاریڈو (کے خلاف سازشیں رچنے کیلئے وہ افغانستان کا استعمال کررہا ہے۔ وزیرداخلہ احسان اقبال نے کہا کہ پاکستان کے دشمن 50 بلین ڈالرس کے مصارف والے سی پی ای سی کو معاشی طور پر ناکام کرنے متعدد حربوں اور پروپگنڈوں کا استعمال کررہے ہیں۔ انگریزی اخبار ڈان کے مطابق ہندوستان سی پی ای سی کے خلاف سازشیں رچ رہا ہے۔ تاہم پاکستان عوام کی مدد سے ایسی تمام سازشوں کو ناکام کردے گا۔ کوئٹہ میں ایک پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی اور پھر ایک بار دہرایا کہ ہندوستان افغانستان کی سرزمین کا استعمال کررہا ہے تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سی پی ای سی پراجکٹ بہرصورت کامیاب ہوگا۔ انہوں نے امریکہ کو بھی پاکستان کو ہمیشہ دھمکانے والے رویے سے باز رہنے کی بات کہی اور یہ بھی کہا کہ امریکہ کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لڑائی میں پاکستان نے جو قربانیاں دی ہیں، امریکہ کو انہیں فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ چین نے اپنے انتہائی اہم سی پی ای سی پراجکٹ کو افغانستان تک توسیع دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔