سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپ، چار دہشت گرد ہلاک

لاہور ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چار طالبان دہشت گرد جن میں مبینہ طور پر مقتول پنجاب گورنر سلمان تاثیر کے فرزند کا اغواء کرنے والے دو طالبان بھی شامل ہیں، سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک ہوگئے۔ پنجاب پولیس کے ونٹر ٹیرازم ڈپارٹمنٹ (CTD) کو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دو مشتبہ دہشت گرد عثمانی بسرا اور عبدالرحمن جن کا تعلق بالترتیب تحریک طالبان پاکستان اور اسلامک موومنٹ آف ازبکستان سے تھا، خانیوال کے دہانیہ علاقہ کے ایک مکان میں چھپے ہوئے ہیں۔ سیکوریٹی فورس کی ایک ٹیم نے مکان پر دھاوا کیا، جس پر دہشت گردوں نے مکان کے اندر سے فائرنگ شروع کردی اور دستی بم پھینکے۔ سیکوریٹی فوریسس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی جس میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ سیکوریٹی عہدیداروں نے 10 کیلو دھماکو اشیاء بھی ضبط کیں جس میں ایک دستی بم، دو رائفلز، ایک پستول اور گولہ بارود شامل ہیں۔