سیکریٹریٹ کی منتقلی کے فیصلے کی شدید مذمت : ریونت ریڈی

حیدرآباد 31 جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ تلگو دیشم کے سینئیر قائد و رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر پر جلد بازی میں سیکریٹریٹ منتقلی کے فیصلے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ایرا گڈہ چیسٹ ہاسپٹل میں سکریٹریٹ کیلئے تعمیر کرنے اور سکریٹریٹ کو منتقل کرنے کا جنون سوار ہوگیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بتایا کہ موجودہ سکریٹریٹ سے ہی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو اقتدار حاصل ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ واستو کی آڑ میں سکریٹریٹ منتقل کرنے کوشاں ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جاری کابینہ کے اجلاس کسانوں کے خود کشی واقعات تلنگانہ میں خشک سالی صورتحال ، پانی کی شدید قلت جیسے اہم مسائل پر غور نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ ہندوجا اور کرشنا پٹنم سے برقی فراہمی کے مسئلہ پر غور کیوں نہیں کیا گیا اور برقی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت آندھرا کی جانب سے نا انصافی کی گئی تو عدالت سے کیوں رجوع نہیں ہوئے انہوں نے چیسٹ ہاسپٹل کی ایرا گڈہ سے منتقلی کی مخالفت کی اور کہا کہ چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی پر دس پی جی میڈیکل نشستیں تلنگانہ کیلئے کم ہوجائیں گی ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ منجیرا ندی سے ریتی کی نکاسی کیلئے اجازت دینے والے ہریش راؤ ہی ہیں اور کہا کہ مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی کے حلقہ اسمبلی میں کئی بے قاعدگیاں ہوئیں اور اس سلسلہ میں 16 جے سی بیز 24 لاریاں ضبط کر کے چھ مائننگ لیزوں کو بھی منسوخ کیا گیا ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آخر اتنے سارے ثبوتوں کے باوجود مزید اور کسی چیز کی ضرورت ہے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ اس معاملہ کی ہائیکورٹ جج سے تحقیقات کروانے کی صورت میں وہ مکمل ثبوت پیش کرنے تیار ہیں ۔ رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی نے کہا کہ مسٹر ہریش راو کی دھمکیوں سے وہ ہرگز خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں ۔