سیکریٹریٹ عمارتوں کے حصول کیلئے کے سی آر کی گورنر سے نمائندگی

حیدرآباد۔ 2 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور سیکریٹریٹ کے بعض بلاکس جوکہ ہنوز آندھرا پردیش حکومت کے قبضہ میں ہیں ان کے علاوہ دیگر صدور محکمہ جات کے دفاتر کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ آندھرا پردیش کے استعمال میں نہ رہنے والی عمارتوں کو تلنگانہ کے حوالے کرنے کی خواہش کی۔ کابینہ کی قرارداد اور آندھرا پردیش کو دی گئیں تجاویز سے کے سی آر نے گورنر کو واقف کروایا۔ سمجھا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی کے چیف منسٹر بننے کے پیش نظر یہ مسئلہ دوبارہ موضوع بحث بنا ہے اور حکومت کے استعمال میں نہ رہنے والی عمارتوں کو تلنگانہ کے حوالے کرنے اقدامات کی گورنر سے خواہش کی ۔ تشکیل تلنگانہ کے وقت سیکریٹریٹ عمارتوں کے مشترکہ کی شرط عائد تھی لیکن کچھ عرصہ بعد آندھرا پردیش کا مکمل نظم و نسق امراوتی سے کارکرد ہے جس کی وجہ سے عمارتیں خالی ہوتی جارہی ہیں ۔ لہذا اے پی کیلئے حیدرآباد میں مختص عمارتوں کی تلنگانہ حکومت کو حوالگی کے مسئلہ پر مثبت اقدامات کرنے کی گورنر سے خواہش کی۔