سیکریٹریٹ حوالگی کی تلنگانہ کی درخواست پر غور

آندھرا پردیش میںکابینی سب کمیٹی کی تشکیل کا کابینہ کا فیصلہ
وجئے واڑہ 31 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش نے آج ایک کابینی سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حکومت تلنگانہ کی اس درخواست پر غور کیا جائے جس میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد سیکریٹریٹ کے کچھ بلاکس اس کے حوالے کردئے جائیں جو اے پی کے قبضہ میں ہیں۔ حکومت آندھرا پردیش نے اپنے محکمہ جات کو حیدرآباد کے سیکریٹریٹ سے اپنے عبوری ہیڈ کوارٹر ویلاگو پوڈی امراوتی کو منتقل کرلئے ہیں تاکہ اس نے سیکریٹریٹ میں پانچ بلاکس ہنوز اپنے قبضے میں رکھے ہوئے ہیں کیونکہ حیدرآباد 2024 تک دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت ہوگا ۔ تلنگانہ کابینہ نے گذشتہ ہفتے ایک قررا داد منظور کرتے ہوئے حکومت آندھرا پردیش سے خواہش کی تھی کہ وہ سیکریٹریٹ کے بلاکس تلنگانہ کے حوالے کردے تاکہ اسے بھی منہدم کیا جاسکے ۔ ریاستی حکومت سیکریٹریٹ کی نئی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ دونوں ریاستوں کے گورنر کے دفتر سے تلنگانہ کابینہ کی قرار داد کے حوالے سے ایک مکتوب چیف سکریٹری اے پی کو روانہ کیا گیا تھا ۔ آندھرا پردیش کابینہ کا ایک چھ گھنٹے طویل اجلاس آج شام منعقد ہوا جس میں حکومت تلنگانہ کی درخواست پر غور کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس درخواست کو راست قبول یا مسترد کرنے سے قبل ایک کابینی سب کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس مسئلہ کا جائزہ لے گی ۔ وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس مسئلہ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ اس کے کئی مسائل ہیں اور کئی امور ہیں ایسے میں کابینہ نے ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو اس کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کریگی ۔