سینئیر پاکستانی صحافی پر حملہ

کراچی ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سینئیر پاکستانی جرنلسٹ حامد میر کو آج چار نامعلوم افراد نے گولی مار دی ۔ اس سے پہلے انہیں طالبان اور دیگر دہشت گرد گروپس سے دھمکیاں مل رہی تھیں ۔ آج وہ کراچی ایرپورٹ سے ذریعہ کار اپنے آفس جارہے تھے کہ حملہ آور جو کار اور دو موٹر بائیکس پر تھے ۔ ان پر فائرنگ کردی ۔ جیو نیوز کے مطابق حملہ آوروں نے چھ تا سات کیلو میٹر تک ان کا تعاقب کیا ۔ حامد میر نے اپنے دفتر فون کر کے اس حملہ کے بارے میں مطلع کیا ۔ انہیں فوری ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرس نے ان کا آپریشن کیا اور ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے ۔ حملہ آوروں نے انہیں پیر اور پیٹ میں تین گولیاں ماری ۔ حامد میر جیو نیوز میں نیوز اینکر اور سیکوریٹی تجزیہ نگار ہیں ۔ وہ سیاسی مباحثہ کے میزبان بھی ہیں اور کئی اخبارات کے لیے کالم لکھتے ہیں ۔ انہوں نے سابق القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کا انٹرویو لیا تھا اور اسرائیل ۔ لبنان جنگ کا بھی احاطہ کیا تھا ۔ انہیں پاکستان کا باوقار سیول ایوارڈ دیا گیا ۔