سینئیر بیوروکریٹ ایس وی پرساد چیف سکریٹری ویجلنس کمشنر مقرر،حکومت آندھرا پردیش کے احکامات کی اجرائی

حیدرآباد۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے سینئر بیورو کریٹ ایس وی پرساد آئی اے ایس و سابق چیف سکریٹری و ویجلنس کمشنر کو نو قائم شدہ ریاست آندھراپردیش کا پہلا ویجلنس کمشنر مقرر کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آندھراپردیش حکومت نے آج احکامات جاری کئے ۔ مسٹر ایس وی پرساد یکم اکتوبر سے آندھراپردیش کے ویجلنس کمشنر ہوں گے جن کی میعاد تین سال ہوگی۔ ایس وی پرساد تقریباً چار دہوں تک متحدہ آندھراپردیش میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں نظم و نسق کا خاصہ تجربہ ہے۔ کلین امیج رکھنے والے ایس پرساد نے اپنے تقرر پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جو ذمہ داری دی ہے ، اس کے لئے وہ شکر گزار ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے۔ ایس وی پرساد میکانیکل انجنیئرنگ میں گریجویٹ اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں پوسٹ گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے آئی آئی ایم احمد آباد سے ایم بی اے کی تکمیل کی۔ 1975 ء میں آئی اے ایس کی حیثیت سے ان کا انتخاب عمل میں آیا ۔ سب کلکٹر گوڈور کی حیثیت سے انہوں نے اپنی سرکاری خدمات کا آغاز کیا اور ریاست کے چیف سکریٹری کے عہدہ تک پہنچے۔ وہ یکم جنوری 2010 تا 30 ستمبر 2011 ء تک چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز رہے۔ انہوں نے این ٹی راما راؤ ، وجئے بھاسکر ریڈی اور این جناردھن ریڈی کے دورہ حکومت میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ این چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں وہ چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری کی حیثیت سے 8 برس تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مختلف چیف منسٹروں کے دفاتر میں ایس وی پرساد نے 12 برس تک خدمات انجام دیں۔ ایس وی پرساد کو ان کی بہترین کارکردگی پر کئی ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔